نئی دہلی: پیر کے روز مسلسل ساتویں دن پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا۔ دہلی میں پیٹرول 89 روپے فی لیٹر کے قریب پہنچ گیا ہے، جبکہ ممبئی میں 95.46 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔
خام تیل کی قیمتوں میں جس طرح تیزی کا سلسلہ جاری ہے اس کی وجہ سے پیٹرول اور ڈیزل کی مہنگائی پر کمی کا کوئی اثر نہیں نظر رہا ہے۔ دہلی میں مسلسل سات دنوں میں پیٹرول 2.04 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 2.22 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیر کے روز دہلی میں پیٹرول کی قیمت میں 26 پیسے، کولکاتا میں 24 پیسے، ممبئی میں 25 پیسے اور چینئی میں 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا۔ اسی دوران، دہلی اور کولکاتا میں ڈیزل کی قیمت میں 29 پیسے، ممبئی میں 30 پیسے اور چینئی میں 28 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔