نئی دہلی: پانچ ماہ سے کووِڈ۔19 وبا کے سبب خستہ حال گاڑیوں کی صنعت کے لیے اگست کا مہینہ قدرے راحت رساں گزرا۔ مسافر گاڑیوں کی تھوک فروخت میں 14 فیصد اور دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت میں تین فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ۔
گاڑی بنانے والی کمپنیوں کی تنظیم (سیام) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اگست میں مسافر گاڑیوں کی گھریلو فروخت ایک برس پہلے کے مقابلے 14.16 فیصد بڑھ کر 2,15,916 پر پہنچ گئی۔ گذشتہ برس اگست میں یہ اعداد و شمار 1,89,129 تھے۔ اس میں کاروں کی فروخت 14.13 فیصد بڑھ کر 1,24,715 یونٹز، قابل استعمال گاڑیوں کی فروخت 15.54 فیصد بڑھ کر 81,842 یونٹز اور وین کی فروخت 3.82 فیصد کے اضافے کے ساتھ 9,359 یونٹز رہی۔
گھریلو بازار میں رواں برس اگست میں کل 15,59,665 دو پہیہ گاڑیاں فروخت ہوئیں۔ اگست 2019 میں یہ اعداد و شمار 15,14,196 یونٹز تھے۔ اس میں موٹر سائیکل کی فروخت 10.13 فیصد بڑھ کر 10,32,476 پر پہنچ گئی جبکہ اسکوٹر کی فروخت 12.30 فیصد کم ہو کر 4,56,848 رہ گئی۔ موپیڈ کی فروخت 25.65 فیصد بڑھ کر 70,126 یونٹ پر پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں 215 الیکٹرک گاڑیاں بھی فروخت ہوئیں۔