کولکاتا: جی ایس ٹی کی حصہ داری سے ریاستوں کو محروم کیے جانے کو وفاقی ڈھانچے پر حملے سے تعبیر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج وزیر اعظم کو خط لکھ کر جی ایس ٹی کے بقایاجات کو جاری کرنے سے انکار پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور زیر اعظم سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔
کئی صفحات پر مشتمل خط لکھتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ' ریاست اور مرکزی حکومت کے درمیان اعتماد ختم ہوا ہے اور جی ایس ٹی کی رقم میں ریاست کو حصہ داری سے محروم کیے جانے سے ملک کے وفاقی ڈھانچہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ممتا بنرجی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ جی ایس ٹی سروس میں بے ضابطگی سے میں بہت ہی زیادہ دکھی ہوں، جی ایس ٹی کے نفاذ کے وقت جو وعدہ کیا گیا تھا اس کو پورا نہیں کئے جانے کی وجہ سے ریاست اور مرکز کے درمیان اعتماد کی کمی آئی ہے۔اس سے وفاقی ڈھانچہ کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
ممتابنرجی نے کہا کہ مرکز کی یقین دہانی کی وجہ سے ہی ریاستوں نے ویٹ کے دور میں حاصل ہونے والی 70فیصد حصہ داری سے دست بردار ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جس ایس ٹی کے نفاذ کے وقت جو فارمولہ طے ہوا تھا اور جو وعدے کیے گئے تھے کہ اگر جی ایس ٹی کلیکشن میں کمی آتی ہے تو ریاستوں کومکمل معاوضہ دیا جائے گا۔ اسی یقین دہانی کی وجہ سے ریاستیں جی ایس ٹی پر رضامند ہوئی تھی۔