دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہاکہ 2020-21 میں دہلی میں مہنگائی (Inflation rate in Delhi) کی شرح پانچ میٹرو پولیٹن شہروں میں سب سے کم تھی۔
سسودیا نے جمعہ کو ڈائریکٹوریٹ آف اکنامکس اینڈ اسٹیٹسٹکس کے ذریعہ مالی برس 2020-21 کے لیے دہلی کے لیے قیمت انڈیکس کی سالانہ رپورٹ جاری کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مالی برس 2020-21 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی بنیاد پر اوسط سالانہ افراط زر میں اضافے کی شرح قومی سطح پر پانچ فیصد تھی، جب کہ دہلی میں یہ شرح صرف 3.0 فیصد تھی۔ کورونا کے دوران جب پورے ملک میں مہنگائی کی شرح تیزی سے بڑھی تو کیجریوال حکومت نے دہلی میں مہنگائی کو بڑھنے نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کے دوران مہنگائی کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا اور عام استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا لیکن اس دوران دہلی میں مہنگائی میں اضافے کی شرح پورے ملک سے بہت کم رہی۔