کورونا وائرس کی وجہ سے قطر نے بھارتیوں کے سفر پر پابندی عائد کرنے کے بعد انڈیگو نے 17 مارچ تک دوحہ کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ کمپنی نے پیر کے روز ایک بیان میں یہ معلومات دی۔
قطر نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر بھارت سمیت 13 دیگر ممالک کے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
قطر کی جانب سے پابندی کے بعد انڈیگو نے کہا کہ 'ان کی دوحہ کے لیے اس کی تمام پروازیں 17 مارچ تک منسوخ کردی جائیں گی۔'
'ہم اس صورتحال پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور سفری پابندی ختم ہونے کے بعد معلومات کا تبادلہ جاری رکھیں گے۔'
واضح رہے کہ قطرنے بھارت کے علاوہ بنگلہ دیش، چین، مصر، ایران، عراق، لبنان، نیپال، پاکستان، فلپائن، جنوبی کوریا، سری لنکا، شام اور تھائی لینڈ کے سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔
خیال رہے کہ چین کے صوبہ ہبوئی کے دارالحکومت ووہان سے شروع ہونے والے خطرناک کورونا وائرس کی زد میں آنے سے 100 سے زائد ممالک میں اب تک 3814 سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 109122 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔
چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 22 افراد کی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی چین میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3119 ہو گئی ہے۔ جبکہ 1500 لوگوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
غور طلب ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کریڈٹ ریٹنگ اور ریسرچ سروسز کمپنی نے پیر کےر وز سنہ 2020 کے لیے بھارت کی اقتصادی شرح نمو کو 5.4 فیصد سے گھٹاکر 5.3 فیصد کردیا ہے۔ ریٹنگ ایجنسی کا ماننا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں گھریلو مانگ( طلب) میں کمی آئے گی'۔