تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں منگل کے روز 16 ویں آسیان - بھارت وزارتی سطح کی میٹنگ کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریق آسیان - بھارت آزاد تجارتی علاقہ معاہدے پر نظرثانی کرنے پر اتفاق کرتے ہیں اور اس کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ یہ کمیٹی علاقے میں کاروباری دوست ماحول بنانے کے اقدامات تجویز کرے گی اور اس کے مطابق معاہدے میں تبدیلی کی جائے گی۔
مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر تجارت جورن لاکسانویجیت کی مشترکہ صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں آسیان کے تمام ممالک کے اقتصادی امور کے وزراء نے شرکت کی۔
وزارت تجارت کے ذرائع نے بتایا کہ بھارت طویل عرصے سے فری ٹریڈ ایریا معاہدے کا مطالبہ کر تارہا ہے۔ بھارت کا مطالبہ ہے کہ خدمات کے شعبے کو بھی شامل کیا جانا چاہئے۔ موجودہ معاہدہ مال کی تجارت پر مرکوز ہے۔ معاہدے میں تبدیلی کے ساتھ ہی بھارت ان ممالک میں میڈیکل ، انفارمیشن ٹکنالوجی اور مالی خدمات مہیا کر سکے گا۔