ملک میں دفاعی شعبہ کی بڑی سرکاری کمپنی ہندوستان ایئروناٹکس لیمیٹیڈ (ایچ اے ایل) کو فضائیہ کے لیے 83 تیجس مارک 1 اے جنگی طیارہ بنانے کا آرڈر آج باضابطہ طورپر مل گیا۔
بدھ کو شروع ہوئے ایشیا کے سب سے بڑے ایئر شو ایئرو انڈیا کے افتتاح کے موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں وزارت دفاع میں ڈائریکٹر جنرل دفاع کی خرید نے ایچ اے ایل کے صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر آر مادھون کو اس کانٹرکٹ سے متعلق دستاویز مہیا کئے۔ اس کے تحت ایچ اے ایل فضائیہ کےلئے 83 مارک 1 اے جنگی طیارے بنائے گا اور ان پر قریب 48 ہزار کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ یہ میک ان انڈیا کے تحت اب تک کا سب سے بڑا سودا ہے۔ ایچ اے ایل ان طیاروں کے دو ورژن بنائے گی جن میں 73 تیجس مارک 1 اے ہوں گے اور دس تیجس مارک 1 ہوں گے۔
مسٹر مادھون نے ایک دن پہلے ہی نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کہا تھا کہ پہلے تیجس طیارے کی سپلائی فضائیہ کو 36 مہینے میں کی جائے گی اور 9 برسوں کی مدت میں سبھی طیارے فضائیہ کو سونپ دئے جائیں گے۔