نئی دہلی: حکومت نے ٹیلی کوم سیکٹرز کی توسیع اور متعلقہ آلات کی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لیے 12 ہزار 195 کروڑ روپے کے پروڈکشن پر مبنی ترغیبی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس ضمن کی تجویز کو منظور کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد ٹیلی کوم اور الیکٹرانکس اور ٹیکنالوجی کے وزیر روی شنکر پرساد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ منصوبہ ایک اپریل 2021 سے موثر ہوگا اور اگلے پانچ برسوں کے لیے ہوگا۔ اس سے ملک میں ٹیلی کوم، نیٹ ورکنگ اور موبائل اور دیگر آلات کی مینوفیکچرنگ کو رفتار ملے گی اور ملک میں اس شعبہ میں عالمی سطح کی پروڈکشن ہو سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کا فائدہ لینے کے لیے بنیادی سال 20-2019 ہوگا۔ چھوٹی صنعتوں کو عام صنعتوں کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ فروغ دیا جائےگا۔ چھوٹی صنعتوں کو کم سے کم دس کروڑ روپے اور عام صنعتوں کو کم از کم 100 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔