نئی دہلی: حکومت نے ملک میں خوراک تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سنہ 21-2020 کے دوران 30 کروڑ 10 لاکھ ٹن غلہ تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ملک میں 30 کروڑ ٹن اناج پیدا کرنے کا ہدف
وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے پیر کے روز ربیع کانفرنس 2020 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھان کی پیداوار تقریبا 12 کروڑٹن اور گیہوں کی پیداوار 10 کروڑ 80 لاکھ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے پیر کے روز ربیع کانفرنس 2020 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھان کی پیداوار تقریبا 12 کروڑٹن اور گیہوں کی پیداوار 10 کروڑ 80 لاکھ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ دال اور تیل کی پیداوار بڑھانے پر زور دیا گیا ہے، جہاں دالوں کی پیداوار میں2 کروڑ 56 لاکھ ٹن اور تیل کی پیداوار3 کروڑ 70 لاکھ ٹن تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ حکومت تیل کی درآمد کو کم سے کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کورونا وائرس کی مدت کے دوران منفی حالات کے باوجود 2019-20 میں 29 کروڑ 66 لاکھ ٹن سے زیادہ اناج کی پیداوار پر کسانوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار خریف کے دوران 1113 لاکھ ہیکٹراراضی میں فصلیں لگائی گئی ہیں جو معمول سے 46 لاکھ ہیکٹر زیادہ ہے۔
مسٹر تومر نے کہا کہ حکومت زراعتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کررہی ہے۔ چار سالوں کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کا زراعتی انفراسٹرکچر فنڈ شروع کیا گیا ہے۔ اس کے تحت کولڈ اسٹوریج، گوداموں اور دیگر بہت ساری ضروری چیزیں تعمیر کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پانچ سالوں کے دوران ملک میں 100 لاکھ ہیکٹر رقبے میں آبپاشی سہولیات کے لئے 5000 کروڑ روپئے کا خصوصی فنڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ ملک میں ربیع سیزن میں تقریبا نصف اناج کی پیداوار ہوتی ہے۔
کانفرنس کے دوران بیج کی حالت، کھاد کی دستیابی، جراثیم کش دوا اور دیگر بہت سی سہولیات کا بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے زراعت پرشوتم روپالا اور کیلاش چودھری بھی موجود تھے۔