اطلاعات کے مطابق جی 20 ممالک کے سربراہان مملکت نے نئے بین الاقوامی ٹیکس نظام پر ایک تاریخی معاہدے کی توثیق کی، جس میں کم از کم عالمی ٹیکس شامل ہے۔
خبروں کے مطابق جی-20 اجلاس میں رکن ممالک کارپوریٹ ٹیکس معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں جس کے تحت کاروباری اداروں پر کم از کم 15 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ 2023 تک نافذ العمل رہے گا۔
اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں اور کورونا وبا پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جی 20 ممالک کے سربراہی اجلاس کے بعد جاری ہونے والے روم اعلامیے میں رکن ممالک نے کووڈ ویکسین اور ضروری طبی سامان کی سپلائی بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے اور 2021 کے آخر تک دنیا کی 40 فیصد آبادی اور 2022 کے وسط تک 70 فیصد آبادی کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
بتادیں کہ رواں برس ہونے والی اس جی 20 اجلاس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ کورونا وبا کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے جس میں 18 رکن ممالک کے سربراہان نے بنفس نفیس شریک ہوئے جب کہ چین اور روس کے سربراہان روم نہ پہنچ کر آن لائن شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر کارپوریٹ ٹیکس میں کمی کا مطالبہ برسوں سے جاری ہے۔ رواں برس جولائی میں بھی اس سلسلے میں ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت ایک سو تیس سے زائد ممالک نے عالمی کارپوریٹ ٹیکس معاہدے پر دستخط کیے تھے۔