بینک آف امریکہ سیکیورٹیز نے کہا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے بھارت کو مالی برس 2020-21 کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو 0.25 فیصد سے 0.70 فیصد تک کم کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ اندازہ اس قیاس پر مبنی ہے جس کے مطابق اگلے مالی برس عالمی بازار میں تیل کی قیمت فی بیرل 36 ڈالر کے قریب ہوگی۔
واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے بعد تیل کی طلب میں کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں 45 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اب یہ وبا 110 سے زیادہ ممالک میں پھیل چکی ہے۔
خیال رہے کہ جمعے کے روز اوپیک ممالک اور روس کے درمیان تیل کی پیداور کے تعلق سے ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔ اجلاس میں روس خام تیل کی قیمتوں میں کمی پر رضامند نہیں ہوا جس کے بعد سعودی عرب نے تیل کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ تیل کی منڈی میں سپلائی کی طلب میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر پیر کو خام تیل کی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 30 فیصد تخفیف درج کی گئی۔