پہلے سے بحران کا شکار معیشت مسلسل ڈھائی مہینوں سے جاری لاک ڈاؤن سے مزید متاثر ہوگئی ہے۔ گذشتہ 4 روز سے مسلسل پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
پیٹرول ڈیزل کی قیمتون میں اضافے پر حکومت نکتہ چینی کرتے ہوئے کانگریس کے قومی سکریٹری اور رامپور ضلع کے سابق لوک سبھا امیدوار نے کہا کہ' پڑوسی ملک پاکستان جس کو بی جے پی والے بھوکا ننگا اور روٹی کے لیے ترستا ملک بتاتے ہیں۔ کنگال اور دیوالیہ ملک بتاتے ہیں، وہاں کی حکومت نے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کافی تخفیف کی ہے۔ ہماری سرکار کو ان سے سیکھ لینی چاہیے'۔
انہوں نے کہا کہ' اس کے برعکس ہمارے ملک میں لاک ڈاؤن کے دوران کتنے پیسے بڑھائے گئے ہیں اس کو اگر آپ جان لیں گے تو آپ کے ہوش اڑ جائیں گے۔ کانگریس رہنماء سنجے کپور نے کہا کہ' ڈیزل پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کا اثر ڈائریکٹ مہنگائی پر پڑتا ہے۔ مال ڈھلائی مہنگی ہو جاتی ہے۔ کاشتکاری کی لاگت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ جس سے ملک کے غریب کسانوں پر مزید بوجھ پڑ جاتا ہے۔'
وہیں ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت میں آل انڈیا مسلم فیڈریشن کے صوبائی صدر عظیم اقبال خاں ایڈووکیٹ نے کہا کہ' مرکز کی بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک کا اقتصادی نظام برباد ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف پیکیجز کا اعلان کیا جارہا ہے لیکن عملی کام کرنے میں یہ حکومت بالکل ناکارہ ثابت ہوئی ہے'۔
عیظیم اقبال خاں ایڈووکیٹ نے کہا کہ' ملک کی معیشت کو پٹری پر لانے کے لیے جو ذرائع ملک میں ہیں ان کا صحیح سے استعمال نہیں ہو رہا ہے بلکہ کاروبایوں تک کا استحصال کیا جا رہا ہے۔'