نئی دہلی: کورونا لہر کی وجہ سے لوگ پہلے ہی مالی بحران سے پریشان ہیں۔ وہیں اب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے بعد سی این جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ سی این جی کی قیمتوں میں 90 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی میں سی این جی کی قیمت 43.30 روپے سے بڑھ کر 43.40 روپے فی کلو گرام ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے بیشتر ریاستوں میں پیٹرول کی قیمت 100 روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔ ممبئی میں پیٹرول 106.65 روپے اور ڈیزل 97.24 روپے، کولکاتا میں پیٹرول 100.68 روپے اور ڈیزل 92.71 روپے اور چنئی میں پیٹرول کی قیمت 101.42 روپے اور ڈیزل 94.20 روپے ہے۔
پیٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے پریشان لوگ متبادل تلاش کرنے پر مجبور ہیں اور سی این جی کی طرف رخ کرنے لگے تھے۔ لیکن اب سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ نے ان کی کاوشوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ دہلی میں سی این جی کی قیمت 44.30 روپے فی کلو گرام فروخت ہورہی ہے جو کہ کل تک 43.40 روپے فی کلو گرام پر فروخت ہورہی تھی۔ وہیں پی این جی کے متبادل کو بھی مہنگا کردیا گیا ہے۔