حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے وزیراعظم نریندر مودی کو جی ایس ٹی بقایا جات کے تعلق سے ایک مکتوب لکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے جی ایس ٹی کو متعارف کرتے وقت یہ بات جاننے کے باوجود حمایت کی تھی کہ اس سے مختصرمدتی آمدنی کا نقصان ہوگا۔ قومی مفاد کے پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ نے اس کی حمایت کی تھی۔
ہماری توقع تھی کہ اس کے طویل مدتی فائدے ہوں گے اور جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد مزید سرمایہ کاری ہوسکے گی۔ اُس وقت کی یوپی اے حکومت نے ریاستوں کو سی ایس ٹی کی منسوخی کے بعد مکمل معاوضہ کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم ریاستوں کو سی ایس ٹی کے معاوضہ سے محروم رکھاگیا اور تلنگانہ کو سی ایس ٹی کی آمدنی کے 3800کروڑ روپے کے نقصان کے معاوضہ سے محروم رکھاگیا۔ اس تلخ تجربہ کے سبب ریاستوں کے اصرار پر جی ایس ٹی معاوضہ کے ایکٹ میں یہ واضح کیاگیا کہ جی ایس ٹی پر عمل پر آمدنی کے نقصان کا معاوضہ دو ماہ کی بنیاد پر ادا کیاجائے گا۔