ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بدھ کے روز کہاکہ گھریلو طلب اور برآمدات میں اضافے کی وجہ سے بھارت کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح مالی برس 2021 میں 10 فیصد پر برقرار رہ سکتی ہے، لیکن یہ نرم پڑ کر مالی برس 2022 میں 7.5 فیصد ہو سکتا ہے۔
اے ڈی بی نے اپنی ’ایشیین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک 2021‘ کی اپ ڈیٹ رپورٹ میں کہا ہے کہ مارچ 2022 کو ختم ہونے والے مالی برس میں کورونا وبا کی دوسری لہر سے خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ اس نے گھریلو کھپت اور شہری شعبے پر بھی اثر ڈالا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہاکہ کورونا ویکسینیشن میں تیزی سے اضافے نے وبا کے اثرات کو کافی حد تک کنٹرول کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تاجروں، عام لوگوں اور صحت کے شعبے کی تیاری نے وبا کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کی ہے۔
بھارت میں اے ڈی بی کے ڈائرکٹر تاکیو کونشی نے کہا’’بھارتی معیشت میں بحالی کے بہتر آثار دکھا ئی دے رہے ہیں کیونکہ دوسری لہر کے اثرات کو کافی حد تک کم کیا گیا ہے۔ حکومت کے ویکسینیشن اقدامات ، مالی محرک پیکجز اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے مزید وسائل کے ساتھ ساتھ صحت کے اقدامات کو مضبوط بنانے نے تیزی سے صحت یاب ہونے میں بہت مدد کی ہے‘‘۔