ممبئی: ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ 'کارپوریٹ گھرانوں کو اپنا بینک شروع کرنے کی اجازت دینے کی تجویز ریزرو بینک کی نہیں ہے۔ ایک کمیٹی نے یہ تجویز پیش کی ہے۔ اس پر اور دیگر تجاویز پر مرکزی بینک عوامی سطح پر تجاویز اور تبصرے لینے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کرے گا۔'
بینک کی ورکنگ کمیٹی نے اس سلسلے میں تجویز دی تھی کہ کارپوریٹ گھرانوں کو اپنے بینک شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔ کمیٹی کی اس تجویز پر چوطرفہ سخت تنقید کی گئی ہے۔
ریزروبینک کے سابق گورنر رگھورام راجن اور سابق نائب گورنر ویرل اچاریہ اور چیف معاشی مشیروں نے اس پر سخت تنقید کی ہے'۔
ان کا ماننا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو صارفین کی رقومات خطرے میں ہوں گی اور کمپنیاں اپنے گروپ سے قرض لینا شروع کردیں گی۔
ورکنگ گروپ نے نان بینکاری مالیاتی کمپنیوں (این بی ایف سی) کو 50،000 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے ساتھ بینکوں میں تبدیل کرنے پر بھی غور کرنے کی تجویز دی ہے۔