اردو

urdu

ETV Bharat / business

پہلے روز 532 پروازوں میں 39231 مسافروں نے سفر کیا - ممبئی ہوائی اڈہ سے محدود اڑانوں کو منظوری

کورونا وائرس ’کووڈ-19‘کے پیش نظر ملک گیر سطح پر نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دوماہ تک معطل رہنے کے بعد وبا سے بچاو کے نئے اصولوں کے ساتھ گھریلو مسافر ایئر لائن سروس پیر کو دوبارہ شروع ہوگئی۔ حالانکہ پہلے روز پروازوں کی تعداد کافی کم تھی۔

532 flight operated on the first day
پہلے روز 532 پروازوں میں 39231 مسافروں نے سفر کیا

By

Published : May 26, 2020, 10:58 AM IST

شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے شام کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ پیر کے روز 532 مسافر طیاروں نے اڑان بھری۔ انہوں نے لکھا ’’ملک کے آسمان میں سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں۔کل جہاں ایک بھی گھریلو مسافر اڑان نہیں تھی وہیں آج 532 طیاروں میں 39231 مسافر اپنی منزل پر پہنچے ہیں۔ آندھراپردیش میں کل سے اور مغربی بنگال میں 28 مئی سے ایئر سروس شروع ہونے سے ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ 24 مارچ کے بعد آج پہلی مرتبہ ملک میں باقاعدہ پروازوں کا عمل شروع ہوا حالانکہ کووڈ-19 سے حفاظت کے لیے نئے قوانین نافذ کئے گئے ہیں۔ ان میں مسافروں کے لیے آروگیہ سیتو ایپ کا استعمال یا خود اعلان کرنا ضروری قرار دیا گیاہے۔ ویب چیک ان ضروری ہوگیا ہے اور جہاز کے اندر کھانے کی سروس بھی بند کردی گئی ہے۔ اب کم از کم دو گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچنا لازمی ہے اورساتھ ہی ساتھ پورے سفر کے دوران سماجی دوری پر عمل کو بھی ضروری قرار دیا گیاہے۔ کیبن کرو اور ہوائی اڈہ پر تعینات متعدد ملازمین پی پی ای میں نظر آئے۔

سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے آج سے ایک تہائی طیارے کو چلانے کی اجازت دے دی تھی، لیکن متعدد ریاستوں کی حکومتوں نے اپنی جانب سے اس تعداد کو مزید کم کیا ہے۔ پہلے دن کچھ الجھنوں اور ریاستی حکومتوں کے ذریعہ آخری لمحات میں کی گئی تبدیلیوں کی وجہ سے کئی پروازیں منسوخ بھی ہوئیں۔

مسافر کوارنٹائن سے متعلق کافی الجھن کا شکار رہے۔ ہرریاست کو آنے والے مسافروں کی صحت کی ہدایات خود ہی طے کرنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔ بیشتر مسافروں کو معلوم ہی نہیں تھا کہ وہ جہاں جا رہے ہیں وہاں کس طرح کے اصول ہوں گے۔

آندھراپردیش اور مغربی بنگال کے علاوہ باقی ریاستوں نے آج سے اڑانیں شروع کر نے کی اجازت دے دی تھیں۔ حالانکہ تمل ناڈو حکومت نے چنئی ہوائی اڈہ سے یومیہ 25 پروازوں کے روانہ ہونے اور اتنی ہی پروازوں کو آنے کی اجازت دی ہے۔

مہاراشٹر حکومت نے بھی ممبئی ہوائی اڈہ سے محدود اڑانوں کو منظوری دی ہے۔ اس وجہ سے آج دونوں شہروں کو جانے اور آنے والی پروازیں بڑی تعداد میں منسوخ کرنی پڑیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details