مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کی جدو جہد کے درمیان محکمہ صحت کے سامنے بلیک فنگس کا چیلنج درپیش ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے قہر کے درمیان بلیک فنگس کا خطرہ بھی تیزی سے بڑھنے لگا ہے جس کے سبب عام لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔
مغربی بنگال کے سلی گوڑی میں واقع شمالی بنگال میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں بلیک فنگس سے متاثر ایک مریض کی موت ہو گئی۔
شمالی بنگال میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال کی جانب سے جاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں کورونا وائرس اور بلیک فنگس دونوں کا ذکر ہے۔ ہسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مریض کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن ہم ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ مریض کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو منفی آیا تھا۔ ان میں بلیک فنگس کی علامت پائی گئی۔ وہ محض 33 برس کی تھی۔ ان کی شناخت سومو وراں کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ سلی گوڑی میں چائے فیکٹری کی ملازم تھی۔