اترپردیش میں اتحاد سے علیحدہ رہ کر لڑنے والی کانگریس پارٹی ریاست میں بی جے پی کو فائدہ پہنچاتی نظر آئی۔ کانگریس کی موجودگی کی وجہ سے 9 سیٹوں پر اتحاد کے امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ریاست اترپردیش میں حالیہ انتخابات میں بی جے پی کے ووٹ فیصد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 2014 کے انتخابات میں جہاں اس نے 42 فیصدی ووٹ حاصل کیے تھے تو اس بار ریاست میں اسے 49.3 فیصدی ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ بی ایس پی کا ووٹ شئیر 19 فیصدی اور ایس پی کا ووٹ شئیر 18 فیصدی رہا۔ تاہم کانگریس کا ووٹ شیئر کم ہوکر 6.3 فیصدی تک پہنچ گیا۔
اگرچہ ایس پی۔ بی ایس پی اتحاد کو توقع کے مطابق سیٹیں نہیں ملیں، تاہم دونوں پارٹیوں کی اشتراک پارلیمانی انتخابا ت میں دم توڑ رہی بہوجن سماج وادی پارٹی کے لیے فائدے کا سودا ثابت ہوا، جس نے دس سیٹوں پر جیت درج کی۔ بی ایس پی کو سال 2014 کے انتخابات میں ایک بھی سیٹ نہیں ملی تھی۔