افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع اسکول میں پیش آئے بم دھماکے کی مختلف ممالک نے مذمت کی ہے۔ یورپی یونین کے ایکسٹرنل آپریشن سروس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’’یوروپی یونین افغانستان میں خوفناک دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسکول میں بچوں پر حملہ نہ صرف افغان آبادی پر بلکہ دنیا بھر میں ان سبھی پر حملہ کیا ہے، جو خواتین اور لڑکیوں کے مساوی حقوق کا احترام کرتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے افغانستان کے اسکول پر ہونے والے وحشیانہ حملے کی مذمت کی اورمعصوم شہریوں پر حملے اور تشدد کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزارت نے ان بم دھماکوں کو افغانستان کے مستقبل پر حملہ قرار دیا۔ واضح رہے کہ کابل میں اسکول پر حملے کی کسی بھی دہشت گردانہ تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم افغان صدر اشرف غنی نے طالبان باغیوں پر الزام لگایا ہے کہ وہ ملک میں تشدد کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔