ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ سوپور میں ایک پولیس ٹیم نے منگل کے روز دو مشتبہ افراد کو روکا اور ان کی تلاشی شروع کی جس دوران ان کی تحویل سے کچھ نشہ آور ادویات ضبط کئے گئے اور دونوں اسملگروں کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ اسمگلروں کی شناخت ہلال احمد ماگرے ولد غلام محی الدین ماگرے ساکنہ اپر اعشہ پیر سوپور اور فیصل احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکنہ خوشحال متو سوپور کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
دریں اثنا ریاستی پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سوپور پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ہلال احمد ماگرے ولد غلام محی الدین ساکنہ اپر عشہ پیر سوپور اور فیصل احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکنہ خوشحال متو سوپور کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے قبضے سے نشیلی ادویات کی ٹکیاں اور بوتلیں برآمد کرکے ضبط کیں۔
پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 131/2019 کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں تاکہ اس بدعت کا قلع قمع کیا جاسکے۔ پولیس کی جانب سے منشیات اور نشیلی ادویات کے خلاف چلائی جا رہی مہم کامقصد لوگوں کو منشیات سے پاک ماحول فراہم کرنا مقصود ہے۔
منشیات فروش سماج کے لئے ناسور بن چکے ہیں لہٰذا اس بیماری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہر ایک کو اپنا دستِ تعاون پیش کرنا چاہئے تاکہ نوجوان نسل کو بری عادتوں میں مبتلا ہونے سے دور رکھا جاسکے۔