مرکز کی میٹنگز کا بائیکاٹ جاری رہے گا: ترنمول کانگریس - mamta benerji
ترنمول کانگریس نے آج واضح طور پر کہا ہے کہ جب تک مرکزی وزارت داخلہ آرٹیکل 355کے تحت ریاستی حکومت کو ایڈوائزری بھیجنے کا سلسلہ بند نہیں کرے گی اس وقت تک مغربی بنگال حکومت مرکز کے طلب کردہ میٹنگوں کا بائیکاٹ کرتی رہے گی۔
ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان سوگتا رائے نے جمعہ کو کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ایڈوائزری ریاستی حکومت کو جاری کی گئی تھی۔
جس کی وجہ سے ان کی پارٹی نے ”ایک ملک اور ایک الیکشن“ کے ایشو پر ہونے والی میٹنگ کا بائیکاٹ کیا۔
جب تک مرکزی وزارت داخلہ نوٹس بھیجنے کا سلسلہ بند نہیں کرے گی اس وقت تک بنگال حکومت کسی بھی میٹنگ میں شریک نہیں ہوگی۔
15جون کو مرکزی وزارت داخلہ نے ریاست میں جاری سیاسی تشدد کے واقعات پر رپورٹ طلب کی تھی۔گزشتہ چار سالوں میں سیاسی تشدد میں 160افراد کی موت کا دعویٰ کیا جار ہا ہے۔کل ہی بھاٹ پارہ میں دوافراد کی موت ہوگئی ہے۔
19جون وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ طلب کردہ میٹنگ کا ترنمول کانگریس نے بائیکاٹ کیا تھا۔ وزیراعظم مودی نے سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو ملک بھر میں ایک ہی مرتبہ تمام انتخابات کرانے کیلئے یہ میٹنگ بلائی تھی۔مرکزی وزیر پارلیمانی امور کو خط لکھتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ موضوع بہت ہی اہم ہے۔اس پر ایک میٹنگ میں بات چیت نہیں ہوسکتی ہے۔اس پر جلدبازی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے وائٹ پیر جاری کیا جائے۔اس کے بعد ہی ہم اس مسئلے پر اپنی بات رکھیں گے۔ترنمو ل کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی 15جون کو منعقد نیتی آیوگ کی میٹنگ میں بھی شریک نہیں تھیں۔