جوینائل جسٹس ایکٹ کی عمل آوری پر گورنر سے ملاقات
سسلیکشن کم اوورسائٹ کمیٹی کے ممبر راجیو کھجوریہ نے بدھ کے روز راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کرکے انہیں ریاست میں جوینائل جسٹس ایکٹ 2013ء کی عمل آوری کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
انہوں نے گورنر کو بتایا کہ ریاست کے تمام 22 اضلاع میں چائلڈ ویلفیئر کمیٹیاں اور جوینائل جسٹس بورڈ قابل کار ہیں اورتحفظ اور نگہداشت کی ضرورت والے بچوں کے معاملات کے ازالے کے لئے سرگرم رول ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے گورنر کو مذکورہ کمیٹی کے لئے چیئرپرسن کو نامزد کرنے کی گزارش کی تاکہ ان کمیٹیوں اور بورڈوں کے کام کاج میں معقولیت لائی جاسکے۔
انہوں نے آئی سی پی ایس میں کام کررہے کنٹریکچول عملے کی مستقلی، سٹیٹ چائلڈ پروٹیکشن سوسائٹی کو خواتین اور بچوں کی بہبود کی مرکزی وزارت کے ضوابط کے مطابق رقومات منتقل کرنے، باقی ماندہ اضلاع میں 14 پرنسپل مجسٹریٹوں کی اسامیوں کے قیام اور ایکٹ کے تحت مختلف اضلاع میں جوینائل جسٹس ہوم تعمیر کرنے کے لئے اراضی کی نشاندہی کے لئے ڈپٹی کمشنروں کو اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت جاری کرنے کی بھی گزارش کی۔
گورنر نے ممبر موصوف کو یقین دلایا کہ اُن کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات کے حق میں ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔