میڈیا کی اطلاعات میں کہا جارہا ہے کہ رمنا جلد ہی سائیکل (تلگودیشم کا انتخابی نشان) چھوڑ کر کار (ٹی آرایس کا انتخابی نشان) میں سوار ہوسکتے ہیں۔ اراضیات پر غیر مجازقبضوں کے الزامات پر ریاستی کابینہ سے ای راجندر کی برطرفی کے بعد سے ہی ایل رمنا کی ٹی آرایس میں شمولیت کی اطلاعات گشت کررہی ہیں۔ رمنا 2014 میں متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد سے ہی تلنگانہ میں تلگودیشم کی قیادت کرتے آرہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ حکمران جماعت کی طرف سے ان کو قانون ساز کونسل کی رکنیت کی پیشکش کی گئی ہے۔
ایل رمنا کی سائیکل چھوڑ کر کار میں سواری، پیر کو اہم اعلان کریں گے
تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے صدر ایل رمنا جن کی جلد ہی حکمران جماعت ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات کے بیچ انہوں نے جگتیال ضلع کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اپنے حامیوں اور تلگودیشم پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے رائے حاصل کی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکمران جماعت کا ماننا ہے کہ رمنا کو اپنے کیمپ میں راغب کرتے ہوئے ای راجندر کی برطرفی سے کسی بھی امکانی اثر کو ٹالا جائے۔ ای راجندر جلد ہی بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں۔ راجندر کا تعلق بی سی طبقہ سے ہے اور رمنا بھی بی سی طبقہ کے ایک طاقتور لیڈر سمجھے جاتے ہیں۔ حکمران جماعت راجندر کو شامل کرتے ہوئے حضورآباد کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کو مستحکم کرنا چاہتی ہے۔ راجندر نے گذشتہ روز ہی اس حلقہ سے استعفی دے دیا تھا۔ پارٹی، راجندر کی کمی کو اس بی سی لیڈر سے پورا کرنا چاہتی ہے۔ اسی سلسلہ میں آج رمنا کی اپنے حامیوں اور تلگودیشم کے کارکنوں سے ملاقات کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔
رمنا جو کل شب جگتیال ضلع پہنچے نے ان کے ساتھ پارٹی میں کام کرنے والوں سے بھی تبادلہ خیال کیااور اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔بتایاجاتا ہے کہ رمنا نے اس ملاقات کے دوران اپنے مستقبل کے بارے میں بھی بات چیت کی۔وہ کل صبح میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ رمنا گذشتہ 28 سال سے تلگودیشم پارٹی میں ہیں۔اس عرصہ کے دوران انہوں نے کئی عوامی مسائل پر جدوجہد کی ہے۔