بنگال پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے لاک ڈاؤن سے متاثرہ ریاستوں کے غریب عوام کو 6-6 ہزار روپے دینے کے لئے وزیراعظم نریندرمودی کو خط لکھا ہے۔
کورونا وائرس کے مدنظر ملک کی بیشتر ریاستوں میں سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کے سبب عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی ریاستوں میں کورونا کے ساتھ ساتھ بھوک کی وجہ سے لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ بے روزگاری کے سبب لوگ اپنی فیملی کے ساتھ خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ اسی درمیان پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر وزیراعظم راحت فنڈ میں جمع ہونے والے کئی ہزار کروڑ روپیوں کو ملک کے عوام کے لئے استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
کانگریس کے رہنما نے کہا کہ وزیراعظم راحت فنڈ میں اتنی رقم جمع ہے کہ اگر اس کا صحیح استعمال کیا جائے تو عام لوگوں کو لاک ڈاؤن کے دوران کسی قسم کی دشواری نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام ریاستوں میں لمبے عرصے تک لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے۔ اس کے لئے حکومت کو بڑی سوچ رکھنے کی ضرورت ہے۔ ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ ریاستوں کے غریب عوام کے اکاؤنٹ میں فی ماہ فی کس 6 ہزار روپیے جمع کیے جائیں۔ اس سے دو فائدے ہیں۔ ایک روزگار کی تلاش میں لوگ اپنے اپنے گھروں سے باہر نہیں نکلیں گے دوسرا یہ کہ مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے کورونا وائرس کے چین کو توڑ سکیں گے۔
اس سے قبل پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر خصوصی پارلیمینٹ اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ لوک سبھا میں کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے انڈین سیکولر فرنٹ کے ساتھ اتحاد کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 میں کانگریس اور لفٹ فرنٹ کے درمیان اتحاد میں انڈین سیکولر فرنٹ کو شامل کیا گیا تھا.اسمبلی انتخابات 2021 میں کانگریس اور لفٹ فرنٹ کی ضمانت ضبط ہو گئی۔ ادھیر رنجن چودھری کے مضبوط گڑھ مرشدآباد میں کانگریس کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔