دبئی کے دارالحکومت ابوظہبی میں پوپ فرانسس اپنے پہلے اور تاریخی دورے پر پہنچے، پوپ فرانسس کا استقبال شیخ محمد بن زاید اور الازہر یونیورسٹی کے امام نے کیا۔
ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے بے حد گرم جوشی سے پوپ فرانسس کا استقبال کیا، اس موقع پر کم سن بچوں نے پوپ کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
سماجی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ پوپ فرانسس کا دورہ متحدہ عرب امارات ہمارے کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس سے دیگر مذاہب کے درمیان ہم آہنگی بڑھے گی، نفرتوں کا خاتمہ ہوگا اور امن کا پیغام عام ہوگا۔
پوپ فرانسس کے لیے متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے، وہ مذاہب کے مابین مکالمت کی ایک 3 روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران پوپ فرانسس اہم رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، وہ ابوظہبی میں ایک دعائیہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی 80 فیصد آبادی مسلم ہے جبکہ عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے محض 9 فیصد ہیں، مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسیحی تارکین وطن یو اے ای میں بطور ملازم کام کر رہے ہیں۔