مختلف ریاستوں کی جانب سے میڈیکل آکسیجن کی قلت کی شکایات موصول ہونے اور کورونا کیسز میں بے تحاشہ اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سنگاپور، یو اے ای اور دیگر ممالک سے آکسیجن برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں متعدد نجی کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔ وہیں ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ’بند آکسیجن پلانٹس کا احیا عمل میں لائے‘۔
امریکہ کے سان فرانسسکو سے اگلے ہفتہ دہلی آنے والی پرواز کے ذریعہ بھی بڑی مقدار میں آکسیجن کو لایا جائے گا۔ اسی طرح شکاگو سے بھی آکسیجن برآمد کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق دہلی کے تقریباً تمام اسپتالوں کو آکسیجن کی قلت کا سامنا ہے۔ آکسیجن کی مناسب مقدار میں فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے کئی اسپتالوں میں غیریقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔