ایک خبر رساں ادارے کے ساتھ بات کرتے ہوئے بھیم سنگھ نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے حالیہ بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ریاستی حریت لیڈران ہمیشہ مذاکرات کے حق میں رہے ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سنیچر کو گورنر نے مرکزی وزیر پرکاش جاویدکر اور جیتندر سنگھ کی موجودگی میں کہا تھا کہ ’’مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کے لیے ریاستی علیحدگی پسند رہنما مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔‘‘
گورنر کے اس بیان پر اپنا موقف ظاہر کرتے ہوئے بھیم سنگھ کا کہنا تھا کہ ’’کشمیر میں کوئی بھی علیحدگی پسند نہیں، اگر کوئی ہے بھی تو اسے جیل بھیج دیا جائے گا، ہمیں ریاست کی کُل آبادی کو بھارتی شہری اور باشندے تصور کرنا چاہئے۔‘‘
بھیم سنگھ کا کہنا تھا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ گورنر ریاست جموں کشمیر کے ماہر کی حیثیت سے ابھر رہے ہیں، انہوں نے مذاکرات کی بات کی ہے جسے ٹھکرایا نہیں جا سکتا۔‘‘
انکا مزید کہنا تھا کہ ’’یہ محض ایک غلط فہمی اور پروپیگنڈا ہے (کہ حریت لیڈران مذاکرات کے حق میں نہیں)، حریت یا دیگر لیڈران بات چیت کے کبھی بھی منکر نہیں تھے۔‘‘