انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دگی راجا نے اپنے مقابل بی جے پی کی امیدوار پرگیہ پر طنز کیا اور کہا کہ پرگیہ ٹھاکر ملک کے لیے جان دینے والے ہیمنت کرکرے کو بددعا دیتی ہے لیکن ملک کے دشمن مسعود اظہر کو وہ بددعا نہیں دیتی۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل سادھوی پرگیہ ٹھاکر نے ایک متنازعہ بیان میں کہا تھا کہ ان کی بددعا کی وجہ سے ہیمنت کرکرے مارا گیا۔ بیان کے بعد چاروں طرف سے تنقیدوں کے بعد پرگیہ نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔
کانگریس کے سینئر رہنما نے وزیراعظم نریندر مودی کے اس بیان پر بھی طنز کیا جس میں انہوں نے کہا تھا ہر دہشت گرد کو ڈھونڈا جائے گا اور اسے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ دگ وجئے سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم مودی پلوامہ، پٹھان کوٹ اور اری حملہ کے وقت کہاں تھے اور انہوں نے حملوں سے قبل ان دہشت گردوں کو کیوں نہیں پکڑا۔
دگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سب آپس میں بھائی ہیں۔ مسلمانوں نے ملک پر 500 سال حکومت کی لیکن کبھی کسی مذہب کو نقصان نہیں پہنچایا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ مذہب کے نام پر تجارت کرنے والوں سے چوکنا رہے۔