اردو

urdu

ETV Bharat / briefs

نازیبا تبصرہ کے لئے اعظم خان کو خواتین کمیشن کا نوٹس - خواتین کمیشن کی چیئرپرسن ریکھا شرما

قومی خواتین کمیشن نے اترپردیش کے رام پور لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑ نے والے سماج وادی پارٹی-بہوجن سماج پارٹی اتحاد کے امیدوار اعظم خاں کو اپنی حریف بی جے پی کی خاتون امیدوار کے خلاف نازیبا تبصرہ کے الزام میں نوٹس جاری کیا ہے۔

قومی خواتین کمیشن

By

Published : Apr 15, 2019, 6:34 PM IST


خواتین کمیشن کی چیئرپرسن ریکھا شرما نے پیر کے روز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی اشتعال انگیز بیان ہے، عورتوں کے تئيں اعظم خاں کا سلوک ہمیشہ غلط اور ذلت آمیز رہا ہے۔

کمیشن نے اس معاملے میں از خود نوٹس لیا ہے اور انہیں نوٹس جاری کیا ہے۔ کمیشن نے اعظم خاں کو الیکشن لڑنے سے روکنے کے لئے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھا ہے۔

واضح رہے کہ محترمہ جیہ پردا رام پور لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہیں، اس سے پہلے وہ سماجوادی پارٹی کی لیڈر رہی ہیں۔

قومی خواتین کمیشن نے نوٹس میں کہا ہے کہ اعظم خاں پہلے بھی خواتین کے ساتھ ناروا برتاؤ کرتے رہے ہیں، ان کا تازہ بیان بھی خواتین کے تئيں غیر اخلاقی اور اہانت آمیز اور خواتین کے وقار کے خلاف ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ"کمیشن ایسے غیر ذمہ دار اور غیر مناسب بیان کی سخت مذمت کرتا ہے، آپ کو اس کا کمیشن کو اطمینان بخش جواب دینا ہو گا"۔

خواتین کمیشن نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں مسٹر اعظم خاں کا بیان اور مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیاہے، خواتین کمیشن نے الیکشن کمیشن سے اس معاملے کی تہہ تک جانے اور ان کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی کی ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details