انہوں نے کشمیر ی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم قدس اور یوم کشمیر کے موقع پر ان دونوں دیرینہ حل طلب مسائل کے حل کے لیے صدائے احتجاج بلند کرکے عالمی برادری پر زور دیں کہ وہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلوں کو فوری طور حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
حریت کانفرنس (ع) کی طرف سے یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یوم قدس اور یوم کشمیر کے موقع پر مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے مرتب کردہ قرارداد پورے کشمیر میں جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں تمام مساجد، خانقاہوں، درگاہوں اور امام باڑوں میں عوام کی تائید و حمایت کے لئے پیش کی جائے گی تاکہ عالمی برادری کو کشمیری عوام پر ہو رہے مبینہ مظالم، حقوق انسانی کی پامالیوں، مزاحمتی قیادت اور کارکنوں کو پابند سلاسل کرنے اور سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانون کو زیر حراست رکھنے انہیں طاقت کے بل پر پشت بہ دیوار کرنے کے ظالمانہ حربوں سے آگاہ کیا جائے گا اور ساتھ ہی مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی عوام کے ساتھ ہو رہے مظالم کے خاتمے کے لئے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔