جنتادل سیکولر کے جنرل سیکریٹری مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں پیر کے روز مہاراشٹرکےمالیگاؤں میں ایک وفد نے پرائیویٹ پاور سپلائی کمپنی کے ٹیکنیکل ایگزیکٹیو انجینئر ساحِل سے ملاقات کی۔
وفد کی قیادت کررہے مستقیم ڈگنیٹی نے ایگزیکٹیو انجینئر سے کہا کہ حسن پورہ آفتاب سر مسجد کے علاقے میں متعدد الیکٹرک پولز ناگفتہ بہ حالت میں ہیں، موسم کو دھیان میں رکھ کر بات کی جائے تو طوفانی ہواؤں سے پول گرنے سے جانی ومالی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ اس لئے اس سنگین مسئلہ پر فوراً ایکشن لیا جائے تاکہ علاقے کے عوام بلا خوف و خطر زندگی بسر کرسکیں۔
مستقیم ڈگنیٹی کی نمائندگی کے بعد ایگزیکٹیو انجینئر نے کہا کہ 3 سے 4 دنوں میں یہ مسئلہ حل کردیا جائے گا۔ وفد میں شامل نوجوان سماجی کارکن مسیح بیسٹ نے ایگزیکٹیو انجینئر سے کہا کہ نیاپورہ جمعیت علماء آفس کے اطراف میں گزشتہ کئی مہینوں سے بجلی بل تقسیم نہیں ہورہے ہیں، جس کے سبب لوگوں میں تشویش ہے اور ایک ساتھ کئی مہینوں کے بل آنے سے بل کی رقم زیادہ ہوگی جس سے لوگ پریشان ہیں لہٰذا اس جانب توجہ دیتے ہوئے عوام کی پریشانی دور کریں۔