نیوزی لینڈ کے امام مسجد جمال فودا نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسینڈا آرڈرن کی موجودگی میں خطبہ جمعہ پیش کیا۔ اس مواقعے سے انہوں نے کہا:' آپ کی قیادت اور رہنمائی دنیا کے لیے سبق آموز مثال ہے'۔
نیوزی لینڈ میں گزشتہ جمعے کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد آج پہلی نماز جمعہ ادا کی گئی، نماز کے بعد مسجد النور کے امام نے وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کا شکریہ ادا کیا
پیش امام جمال فودا نے نماز جمعے کے خطبے میں وزیراعظم نیوزی لینڈ اور وہاں کی عوام کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ سانحہ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں اور پولیس نے جو کردار ادا کیا ہم اس پر ان کے مشکور ہیں۔
نماز کے بعد وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے عوام کو خطاب کیا، اپنے خطاب میں انہوں نے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کی۔
اظہار یکجہتی کے لیے ہیگلے پارک میں مختلف مذاہب اورعقائد سے تعلق رکھنے والے افراد بہت بڑی تعداد میں موجود تھے جن میں مرد و خواتین اوربچے بھی شامل تھے۔
سانحہ سے متاثرہ النور مسجد کے سامنے واقع ہیگلے پارک میں ہونے والے نماز جمعہ کے اجتماع میں مسلمانوں اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے بھی شرکت کی، جبکہ ان کی آنکھیں نم تھیں۔