اشوک کمار کنسل اپنی اہلیہ ممتا کنسل کے ساتھ گاؤں بیگم آباد کے پیپل والی علاقے میں رہتے ہیں۔ گاؤں والوں کے مطابق ممتا کنسل کو کئی دن پہلے بخار تھا۔ اسے مقامی ڈاکٹر کو دکھایا گیا، لیکن حالت میں سدھارنہیں ہوا اور اتوار کو ممتا گھر میں دم توڑ گئیں۔
گھر میں صرف شوہر اشوک کنسل ہے۔ وہ بھی بہت بیمار ہے۔ آخری رسومات کے لیے گاؤں والوں نے قریبی رشتہ داروں کو اس کی اطلاع دی۔
لواحقین نے کورونا کی موت قرار دیتے ہوئے آخری رسومات ادا کرنے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد محلہ میں رہنے والے مسلمانوں نے خاتون کی ارتھی تیار کی اور آخری رسومات کے لیے شمسان گھاٹ لے گئے۔ جہاں ہندو رسم و رواج کے مطابق اس عورت کی آخری رسومات ادا کی گئی۔
واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی غازی آباد کی لونی کالونی کے اشوک وہار میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا جہاں ایک ہندو خاتون کی آخری رسومات ادا کرنے سے گھر اور محلہ والوں نے منع کردیا وہاں بھی مسلمانوں نے اس خاتون کی آخری رسومات ادا کیں۔