کتاب میلہ آخری مرحلے میں داخل، ناشرین خوش اورمطمئن - کتاب میلہ
کشمیر یونیورسٹی میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام جاری 23 واں کل ہند اردو کتاب میلہ آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور میلے میں حصہ لینے والے بیشتر ناشرین عوامی ردعمل پر مسرت و اطمینان کا اظہار کررہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ لوگوں بالخصوص نوجوان طلبا وطالبات نے میلے کا رخ کرکے مختلف النوع موضوعات پر کتابیں خریدیں نیز کشمیر میں اردو کتب بینی کا رجحان حوصلہ افزا ہے۔
بتادیں کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو کے زیر اہتمام یہ کتاب میلہ 15 جون کو شروع ہوا تھا اور 23 جون بروز اتوار اختتام پذیر ہوگا۔
کتاب میلے میں شرکت کرنے والے دارالعلم ممبئی پبلشنگ ہاؤس کے مالک محمد اکرم مختار ندوی نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میلے میں لوگوں کی جو دلچسپی یہاں دیکھنے کو ملی وہ ملک کی کسی دوسری ریاست میں آج تک دیکھنے کو نہیں ملی۔
انہوں نے کہا: 'ہم نے ملک کے کونے کونے میں کتاب میلوں میں شرکت کی ہے۔ حیدر آباد، مالیگاؤں، شولا پور وغیرہ میں منعقد ہونے والے کتاب میلوں میں شرکت کی ہے لیکن لوگوں کی جو دلچسپی یہاں دیکھی وہ کہیں نہیں دیکھی بلکہ یہاں امید سے زیادہ لوگوں کی دلچسپی دیکھنے کو ملی'۔