آئی پی ایل کے 12 ویں سیزن میں دو بار کی چیمپیئن کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور سابق چیمپیئن سن رائزرس حیدرآباد میں کانٹے کی ٹکر ہونے کا امکان ہے۔
میچ دوپہر میں 4 بجے شروع ہوگا۔
آج کے میچ میں غیر ملکی کھلاڑیوں پر سب کی نظریں ہوں گی۔
کولکاتا ٹیم میں سنیل نرائن اور کرس لِن جیسی سلامی جوڑی ہے جس نے تقریباً تمام ٹیموں کے خلاف بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنی ٹیم کو اچھی شروعات دلائی ہے۔
بطور اسپین گیند باز ٹیم میں شامل ہونے والے سنیل نرائن نے اپنی بلے بازی سے ہر کسی کو انگشت بدنداں کر رکھا ہے اور اس مرتبہ بھی ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔
اسپین گیند بازی میں سنیل نرائن کا ساتھ دینے کے لیے چائنا مین اسپنر کلدیپ یادو موجود ہوں گے اس کے علاوہ تیز گیند بازی میں لوکی فرگوشن اور آندرے رسل محاذ سنبھالیں گے۔
بلے بازی میں کولکاتا کے پاس کرس لن، سنیل نرائن، رابن اتھپا اور دنیش کارتک جیسے بلے باز موجود ہیں اس لحاظ سے کولکاتا کی ٹیم کافی متوازن ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے خطرناک بلے باز ڈیوڈ وارنر کی شمولیت سے حیدرآباد ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، واضح رہے کہ بال ٹیمپرنگ کے معاملے میں ڈیوڈ وارنر گذشتہ 12 ماہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔
اس کے علاوہ کین ولیمسن کی شکل میں ٹیم کے پاس دنیا کا بہترین کرکٹر موجود ہے جبکہ اس ٹیم کا گیند بازی آرڈر بھی کافی مضبوط ہے۔ تیز گیند باز بھونیشور کمار، افغانی لیگ اسپنر راشد خان اور بنگلہ دیشی اسپنر شکیب الحسن کسی بھی ٹیم پر بھاری پڑ سکتے ہیں۔