متاثرہ کسانوں کی مانگ ہے کہ اس مشکل وقت میں انتظامیہ کی جانب سے انہیں بھر پور مدد اور معاوضہ فراہم کیا جائے۔
لوگوں نے بتایا کہ ان کی ساری امیدیں اور سارا ذریعہ آمدن ختم ہو گیا ہے اور اب سرکار ہی ان کی داد رسی کر سکتی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے متاثرہ کسانوں نے مانگ کی کہ ’’متاثرہ علاقوں کا جائزہ اور نقصانات کا تخمینہ لگاتے وقت متعلقہ ملازمین کو ہر باغ میں جانا چاہئے تاکہ ہر مستحق کو جائز معاوضہ مل سکے۔‘‘
ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کا معاوضے کا مطالبہ ادھر آج صبح سے ہی انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ محکمہ جات کے ملازمین اور افسران کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ جبکہ خود ضلع کے ترقیاتی کمشنر سید عابد نے بھی کئی دیہات میں جاکر لوگوں سے بات کی۔
اس موقعے پر سید عابد نے لوگوں کو یقین دلایا کہ نقصانات کا پوری طرح سے جائزہ لیکر کسانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے محکمہ باغبانی کے سائنسدانوں کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
واضح رہے کہ ضلع میں گزشتہ روز موسلہ دھار بارش اور ژالہ باری سے میوہ باغات، سبزی اور شالی کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔