ہمہ جہت شخصیت کے مالک گریش کرناڈ نے نہ صرف اداکاری سے بلکہ ہدایت اور اپنی دم دار تحریروں سے اپنے ناظرین کے درمیان ایک منفرد شناخت پیدا کی ہے۔
کرناڈ کی پیدائش 19مئی سنہ 1938کو مہاراشٹر کے ماتھیران میں کونکنی کنبے میں ہوئی تھی، بچپن کے دنوں سے ان کا رجحان اداکاری کی جانب تھا، اسی وجہ سے وہ سکول کے دنوں سے ہی تھیئیٹر سے وابستہ ہوگئے تھے۔
گریش کرناڈ 14 برس کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ کرناٹک سے دھارواڑ شہر آگئے تھے، کرناڈ نے کرناٹک یونیورسٹی سے گریجویشن کیا، اس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے ممبئی آگئے۔
انہیں اسی دوران مشہور روڈس فیلوشپ مل گئی اور وہ انگلینڈ چلے گئے، جہاں انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے لنکان اور مگڈیلن یونیورسٹیوں سے فلسفہ، سیاسیات اور اقتصادیات میں پوسٹ گریجویشن کیا۔
بھارت لوٹنے پر کرناڈ نے مدراس میں سات برس تک آکسفورڈ یونیورسٹی پریس میں کام کیا، اس کے بعد وہ شکاگو چلے گئے اور بطور پروفیسر وہاں کام کیا، بھارت لوٹنے پر علاقائی زبانوں میں فلمیں بنانے اور سکرپٹ لکھنے کا کام بھی کرنے لگے۔
گریش کرناڈ نے اننت مورتی کے ناول پر مبنی کنڑ فلم سنسکار سنہ 1970 سے اداکاری اور سکرپٹ رائٹنگ کے شعبہ میں قدم رکھا، اس فلم نے کنڑ سنیما کا پہلا 'پریزیڈنٹ گولڈن لوٹس' ایوارڈ جیتا۔
کرناڈ نے سنہ 1971میں ریلیز ہوئی کنڑ فلم ونش ورکش سے ہدایت کی دنیا میں قدم رکھا اور سنہ 1974میں ریلیز ہوئی جادو کا شنکھ سے انہوں نے بالی ووڈ میں اپنے کریئر کی شروعات کی۔
انہوں نے متعدد فلموں میں اپنی اداکاری کا جوہر دکھایا ان میں نشانت، منتھن، سوامی، پکار، اقبال، دوڑ، آشائیں، ایک تھا ٹائیگر، اور ٹائیگر زندہ ہے، اہم ہیں۔