ای راجندر نے کہا کہ ان کے چاہنے والوں کو بھی اس بات کا احساس ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی ناقابل برداشت ہے۔ راجندر نے حضور آباد میں اپنی رہائش گاہ پر ان کے چاہنے والوں، کارکنوں اور رہنماؤں سے تبادلہ خیال کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
تلنگانہ کابینہ سے برطرف وزیر راجندر کی حامیوں سے مشاورت
تلنگانہ کابینہ سے برطرف سابق وزیر ای راجندر نے کہا کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں ان کے حامیوں، کارکنوں اور دوست و احباب سے مشاورت کررہے ہیں۔ ان تمام افراد کا کہنا ہے کہ وہ جو بھی فیصلہ کریں گے وہ تمام اس فیصلہ کی تائید کرتے ہوئے ان کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں کے احساسات سے واقفیت حاصل کررہے ہیں جنہوں نے انہیں اس مقام پر پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ حضور آباد ہر ایک تحریک کا گڑھ سمجھے جانے والا علاقہ ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ ریاست کے کئی اسمبلی حلقوں کے کارکنوں نے مشورے دئے ہیں۔ بعض افراد نے تلنگانہ تحریک کے 20 سال کے واقعات کو یاد کیا۔ کارکنوں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ کسی بھی فیصلے میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ متحدہ ضلع کریم نگر کے علاوہ کھمم سمیت 9 اضلاع سے بھی کارکن یہاں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں حیدرآباد جانا ہوگا اور وہاں کے چاہنے والوں سے بھی بات چیت کرنی ہوگی۔