ریاست کے شہری علاقوں میں کورونا پر کچھ حد تک قابو پایا جارہا ہے لیکن دیہی علاقوں میں انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اسی لیے اب ریاستی حکومت دیہی علاقوں میں نافذ لاک ڈاؤن میں سختی کر رہی ہے۔
ریاست کے 15 اضلاع میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ان میں امراوتی، بلدانہ، کولہا پور، سانگلی، ایوت محل،شولا پور، ستارا ، احمد نگر، عثمان آباد، اکولہ، وا شم، بیڑ، گڈچیرولی، رتناگری، سندھو درگ شامل ہیں۔
ریاستی حکومت نے ان اضلاع میں سخت لاک ڈاؤن کا اشارہ دیا ہے۔ گذشتہ روز ضلع کلکٹر اور پولیس کمشنر کے ساتھ وزیر محصول بالا ساحب تھورات کی قیادت میں گذشتہ روز ان اضلاع کے حالات کا جائزہ لینے کےلیے ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں وزیر صحت راجیش ٹوپے، میڈیکل ایجوکیشن وزیر امیت دیشمکھ بھی شریک شریک تھے۔
میٹنگ کے بعد بالا صاحب تھورات نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 15 اضلاع میں کورونا کے بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے یہاں کے ضلع کلکٹرس اور پولیس کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ضلع بھر کا مکمل سروے کریں، جن لوگوں میں کرونا کی علامت دکھائی دے انہیں گھریلو قرنطینہ کے بجائے سرکاری سنٹروں میں رکھا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ ان اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی وجہ معلوم کرنے اور تعداد میں کمی لانے منصوبہ بندی تیار کرنے کےلیے مجھے ذمہ داری دی گئی ہے۔