ریاست بہار میں ارریہ ٹھیکیدار یونین کے ضلع صدر اجے جھا کو پرشو رام پریشد کا قومی صدر بنائے جانے کے بعد ٹھیکیدار یونین کی جانب سے اجے جھا کے استقبال میں آج ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے رکن پارلیمان پردیپ کمار سنگھ نے شرکت کی جبکہ تقریب کی صدارت یونین کے سابق ضلع صدر اخلاق الرحمن نے کی۔
ضلع بھر کے تمام بلاک و پنچایت کے ٹھیکیدار اس تقریب میں موجود رہے اور اجے جھا کو پرشو رام پریشد کا قومی صدر بنائے جانے پر پھول مالا سے استقبال کیا۔
اپنے خطاب میں رکن پارلیمان پردیپ کمار سنگھ نے کہا کہ آج میں فخر محسوس کر رہا ہوں کہ ہمارے ضلع کے ایسے شخص کا انتخاب قومی صدر کے لئے ہوا ہے جو دن رات سماجی کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں، اجے جھا اس عہدے کے مستحق تھے اس لئے یہ ذمہ داری انہیں دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجے جھا ایک نامی گرامی ٹھیکیدار بھی رہے ہیں، ارریہ ضلع میں جتنے بھی پل بنے ہیں، ان میں نوے فیصد کام انہوں نے ہی بڑی ایمانداری سے کیا ہے، تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ ایک ٹھیکیدار بھی قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا ہے، میری دلی خواہش ہے کہ ایسے لوگوں کو ایوان میں جگہ دیا جانا چاہیے تاکہ ملک و معاشرے کا اور بھی بہتر انداز میں تعمیر کر سکیں۔