کانگریس ترجمان پرینکا چترویدی نے آج پارٹی کو خیر باد کہہ دیا، قبل ازیں ٹوئیٹر پرجاری بحث میں اس وقت ایک نیا موڑ آگیا جب پرینکا چترویدی نے اعلیٰ قیادت سے ناراض ہوکر پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پرینکا چترویدی نے بدھ کے روز کہا تھا کہ جن کارکنان نے پارٹی کے لیے خون پسینہ بہایا انھیں اہمیت دیے جانے کے بجائے پارٹی میں غنڈے اور بدمعاشوں کو ترجیح دی جارہی ہے جس سے وہ بے حد پریشان ہیں۔
چترویدی نے اترپردیش کے ضلع متھرا میں پریس کانفرنس میں ان کے ساتھ ناروا سلوک برتے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ تھا کہ وہ اس بات سے پریشان ہیں کہ پارٹی کو مضبوط بنانے میں جن لوگوں نے خون پسینہ ایک کیا ان کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے خود پارٹی کے لیے گالی گلوج اور بے عزتی برداشت کی لیکن یہ بد قسمتی ہے کہ پارٹی کے اندر ہی انھیں دھمکیاں دینے والوں پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔