مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت جب کورونا کے معاملات تیزی کے ساتھ جاری ہیں اور لوگوں کی جانیں ضائع ہورہی ہیں، ایسے میں سیاست ضروری نہیں ہے۔
وزیر موصوف نے حیدرآباد کے گاندھی اسپتال اور دیگر کورونا کے اسپتالوں کا معائنہ کیا جہاں کورونا کے مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
اس معائنہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ‘ریاست کے وزیراعلی کے چندرشیکھر راو مرکزی حکومت پر غیر ضروری الزامات عائد کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں کیا ہے’۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ریاست میں درج کورونا کے معاملات اور اموات کی تعداد کی مناسبت سے ہی ریاست کو آکسیجن کی سپلائی کا کام مرکزی حکومت کی جانب سے کیاجارہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اندرون تین دن ریاست کو ریمڈیسور انجکشنس فراہم کئے جائیں گے جو کورونا کے مرض سے لڑنے میں معاون ہوتے ہیں۔