اردو

urdu

ETV Bharat / briefs

اے ایم یو : آن لائن جلسہ عید میلاد النبی میں مقررین کا اظہار خیال

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے امسال کورونا وائرس کے سبب عید میلاد النبی کے موقع پر آن لائن جلسہ منعقد کیا.

اے ایم یو : آن لائن جلسہ عید میلاد النبی میں مقررین کا اظہار خیال
اے ایم یو : آن لائن جلسہ عید میلاد النبی میں مقررین کا اظہار خیال

By

Published : Oct 30, 2020, 7:43 PM IST

پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیؐ کی زندگی میں سبھی مسلمانوں کے لئے اسوہ ہے کہ وہ انسانوں کے لئے رحمت بنیں، اذیت و زیادتی کا جواب حکمت سے دیں اور تشدد سے گریز کرکے اخلاق سے دلوں کو جیتیں۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے زیر اہتمام منعقدہ آن لائن جلسہ عید میلاد النبی میں کیا۔


وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ رسول اللہ نے مشکل حالات میں صبر و تحمل اور اخلاق کا مظاہرہ کیا اور ہر رول میں مثالی ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سادہ زندگی، انکساری، رحمدلی، انصاف پروری، حسن سلوک، پر امن بقائے باہم اور حکمت نبی کریم کی سیرت کا لازمی حصہ ہیں۔ حضرت محمد کا پیغام ساری انسانیت کے لیے ہے صرف مسلمانوں کے لئے نہیں ہے۔

شعبہ سنی دینیات کے پروفیسر محمد سعود عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ میں اللہ کا پیغام کو پہنچانا شروع کیا تو لوگوں نے طرح طرح کے حملے کیے، پتھر مارے اور قتل کی سازشیں بھی کیں۔ عکاظ کا بازار ہو یا طائف کی وادی ہر جگہ مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑا مگر تمام اذیتوں کے باوجود جس مشقت و دلسوزی سے نبی پاک نے کام کیا وہ ہمارے لئے ایک نمونہ ہونا چاہئے۔ سیرت پاک سے ہمیں یہ بنیادی پیغام ملتے ہیں کہ تشدد کا جواب تحمل سے دیا جائے اور اشتعال و غصہ کو قابو میں رکھا جائے۔

پروفیسر سعود عالم نے کہا کہ جس طرح کے نامساعد حالات مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے ویسے حالات بار بار پیدا ہوں گے، لہذا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ رسول اللہ کے رویہ کو اپنا رویہ بنائیں۔

پرو وائس چانسلر پروفیسر ظہور الدین نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ نبی کریم کو پوری انسانیت کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور آپ کے صفات و کمالات کا احاطہ ایک جلسہ میں ممکن نہیں ہے انہوں نے کہا کہ نبی کی تعلیمات کو ہم اپنے عمل کا حصہ بنانا ہوگا۔

اس موقع پروائس چانسلر نے مقرر خصوصی پروفیسر سید فرمان حسین کو اور پرو وائس چانسلر نے پروفیسر سعود عالم کو شال پیش کر کے انکا خیرمقدم کیا۔ جلسہ میں اے ایم یو کے اسکولوں کے دو طلبہ محمد عبداللہ مجتبیٰ اور انمازہرہ نے نعت پاک پیش کی۔

جلسہ کا آغاز قاری محمد اعظم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جلسہ عید ملادالنبی کے میزبان اور یونیورسٹی رجسٹرار عبدالحمید (آئی پی ایس) نے اظہار تشکر کیا.



ABOUT THE AUTHOR

...view details