سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کہا کہ ان کے ملک نے انتہا پسندی کے خلاف بھر پور عزم کے ساتھ اور فیصلہ کن انداز میں جنگ لڑی ہے۔
یہ بات مسلم ورلڈ لیگ کانفرنس سے معتدل اسلام کے موضوع پر ان کے خطاب میں کہی گئی جو گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے پڑھ کر سنایا۔
شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں نسلی تعصب اور غیر ملکیوں سے نفرت کے خاتمہ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی مملکت نے انتہا پسندی، تشدد اور دہشت گردی کی ہرصورت کی سختی سے مذمت کی ہے اور ان کے خلاف فیصلہ کن انداز میں جنگ لڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام مقدس شریعت کا نام ہے نہ کہ یکطرفہ رائے یا سوچ، ہم نسل پرستی، فرقہ وارانہ اور ہر قسم کے امتیازی سلوک اور نفرت انگیز تقریر کی روک تھام کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اس کانفرنس میں اسلامی دنیا کی ممتاز شخصیات، وزرا، ماہرین، علماء اور مختلف ممالک کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہیں۔