اے میرے دل کہیں اور چل، ’جائیں تو جائیں کہاں ‘، ’جلتے ہیں جس کے لیے ‘، ’ اے غمِ دل کیا کروں جیسے متعدد گیتوں کو اپنی سریلی اور درد بھری آواز سے لازوال کردینے والے برصغیر کے لیجنڈ گلوکار و اداکارطلعت محمود 24 فروری 1924 کو لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔ان کا انتقال 9مئی 1998 کو ممبئی میں ہوا۔ طلعت محمود کو حکومت ہند نے پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا تھا۔
طلعت محمود کو بچپن سے ہی گلوکاری کا شوق تھا اور پندرہ سال کی عمر میں ہی انھوں نے لکھنؤ ریڈیو سے اپنے فنی کریئر کا آغاز کیا۔
ان کے والد بھی گلوکار تھے۔ یہ اپنی والدین کی چھٹی اولاد تھے۔ ان کے والد اپنی آواز کو اللہ کا دیا ہوا گلا کہہ کر اللہ کو ہی وقف کرنے کی تمنا رکھتے تھے۔
وہ صرف نعت گوئی کے لیے مشہور تھے۔ بچپن میں طلعت نے اپنے والد کی آواز کی نقل کرنےکی بہت کوشش کی لیکن وہ اس میں زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکے۔