اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

Eid ul Adha 2023 ذی الحجہ کا چاند نظر آگیا، عید الاضحیٰ 29 جون کو منائی جائے گی - عید الاضحیٰ 29 جون کو

بھارت اور پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کی تصدیق کردی گئی ہے لہذا عید الاضحیٰ 29 جون بروز جمعرات کو منائی جائے گی۔ سعودی عرب میں عید الاضحیٰ 28 جون کو منائی جائے گی چونکہ وہاں ذی الحجہ کا چاند 18 جون کو نظر آگیا ہے۔

Eid ul Adha 2023
ذی الحجہ کا چاند نظر آگیا، عید الاضحیٰ 29 جون کو منائی جائے گی

By

Published : Jun 19, 2023, 9:09 PM IST

Updated : Jun 19, 2023, 9:21 PM IST

مرکزی چاند کمیٹی کے صدر مولانا خالد رشید فرنگی محلی

لکھنئو: مرکزی چاند کمیٹی کے صدر مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے ویڈیو پیغام میں کہا کی ذی الحجہ کے چاند کی تصدیق ہوگئی ہے۔ لہذا عید الاضحیٰ 29 جون کو پورے ملک میں منائی جائے گی۔ انہوں نے عالم اسلام کو ذی الحجہ کی چاند کی مبارکباد بھی پیش کی ہے۔ مفتی اعظم جموں و کشمیر مفتی ناصر الاسلام نے بھی پیر کو ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے۔

ادارہ شرعیہ فرنگی محل سے سنی مرکزی رویت ہلال کمیٹی فرنگی محل کے صدر قاضی لکھنؤ مفتی ابو العرفان میاں فرنگی محلی نے اعلان کیا ہے کہ آج 19 جون بروز دوشنبہ مطابق 29 ذوالقعدہ 1444ھ کو ذی الحجہ کے چاند کی تصدیق ہو گئی ہے ۔ لہذا 20 جون بروز سہ شنبہ کو ذی الحجہ کی پہلی تاریخ ہوگی اور عید قرباں 29 جون بروز جمعرات کو منائی جائے گی۔ یہ اطلاع ادارہ شرعیہ فرنگی محل کے جنرل سکریٹری مولانا محمد عفان عتیق فرنگی محلی نے دی ہے۔

آسمان ابر آلود ہونے کی وجہ سے پیر کو دہلی میں چاند نظر نہیں آیا، تاہم عید الاضحٰی کا چاند اتر پردیش، بہار، مہاراشٹرا اور کرناٹک میں نظر آنے کے بعد دہلی سے بھی اعلان چاند نظر آنے کی تصدیق کردی گئی۔ فتح پوری مسجد، چاندنی چوک کے شاہی امام ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں بارش اور ابر آلود آسمان کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا، لیکن اتر پردیش اور بہار کے کچھ حصوں میں چاند نظر آ گیا ہے۔

امارت شریعت ہند کی رویت ہلال (چاند کمیٹی) نے جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر میں میٹنگ میں تصدیق کی کہ مہاراشٹر، ناگپور، مالیگاؤں، کرناٹک کے رائچور اور گلبرگہ اور اتر پردیش کے اعظم گڑھ میں چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی۔ جونپور، سرائے میر اور مئو میں ذوالحجہ کے چاند کی تصدیق ہوئی ہے۔

شیعہ چاند کمیٹی کے صدرمولانا سید سیف عباس نقوی نے اطلاع دی ہے کہ 29 ذیعقدہ بمطابق19؍جون 2023 کو ذی الحجہ (بقرعید )کے چاند کی تصدیق حاصل ہو گئی ہے۔ لہٰذا کل 20؍جون کو ذی الحجہ کی پہلی تاریخ ہوگی اور شہادت مسلم بنی عقیل 28جون 2023 کو اور بقرعید 29 جون 2023 کو ہے۔ نیز عید غدیر7؍جولائی اور عید مباہلہ 13؍جولائی 2023 کو ہے۔

Last Updated : Jun 19, 2023, 9:21 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details