نینی تال: اتر پردیش کے باغپت کے رہنے والے ایک نوجوان کو اگنی ویروں کے لئے بھرتی کے عمل کے دوران جعلی سرٹیفکیٹ کی وجہ سے پولیس نے اتراکھنڈ کے پتھورا گڑھ سے گرفتار کیا ہے۔ پتھورا گڑھ پولیس کے مطابق بدھ کو پتھورا گڑھ کے آرمی گراؤنڈ میں اگنی ویروں کی بھرتی جاری تھی۔ دریں اثناء دستاویزات کی چھان بین کے دوران فوجی افسران کو ایک نوجوان کی دستاویزات مشکوک پائی گئیں۔Youth Arrested With Fake Certificate
اس کے بعد فوج کی طرف سے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ فوج سے اطلاع ملنے کے بعد پتھورا گڑھ کے کوتوال منگل سنگھ جائے واقع پر پہنچے اور نوجوان کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو چونکا دینے والی اطلاعات سامنے آئیں۔ ملزم سچن کشواہا، ساکن گاؤں سروڑا، تھانہ ڈوگھاٹ، تحصیل براوت، باغپت، یوپی نے بتایا کہ وہ فوج میں بھرتی ہونا چاہتا تھا، لیکن اس کی عمر مقررہ حد سے زیادہ تھی۔
انہوں نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں عمر کی حد میں نرمی کی وجہ سے اس نے جعلی دستاویزات تیار کیں۔ کوتوال سنگھ نے بتایا کہ ملزم نے پتھورا گڑھ کی کنالی چنا تحصیل کے کنادھر گاؤں کے پتے پر انکت کمار کے بیٹے اوم سنگھ کے نام سے فرضی آدھار کارڈ تیار کروایا تھا۔ ملزم کے پاس سے مختلف ناموں اور نمبروں کے تین آدھار کارڈ اور ایک ہی تصویر والے دو مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ بھی ملے ہیں۔