نئی دہلی: ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر سے تعلق رکھنے والے شاہ رشید احمد قادری کو صدر دروپدی مرمو نے پدم شری سے نوازا۔ اس موقعے پر انہوں نے پی ایم نریندر مودی سے کہا کہ انہیں لگتا تھا کہ انہیں یو پی اے میں پدم ایوارڈ ملے گا لیکن نہیں ملا۔ انہیں بی جے پی حکومت سے امید نہیں تھی، اس لیے وہ خاموش بیٹھے رہے، لیکن وہ غلط ثابت ہوئے۔ انہوں نے ایوارڈ کے لیے پی ایم مودی کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ رشید احمد قادری نے پی ایم مودی سے کہا کہ میں نے پانچ سال انتظار کیا لیکن نہیں ملا۔ اس کے بعد میں خاموشی سے بیٹھ گیا کہ مجھے بی جے پی حکومت میں پدم ایوارڈ نہیں ملے گا، لیکن آپ نے مجھے غلط ثابت کردیا۔
واضح رہے کہ شاہ رشید احمد قادری بیدری آرٹ میں بہت سے نئے پیٹرن اور ڈیزائن متعارف کرانے کے لیے مشہور ہیں۔ بیدری ایک لوک فن ہے جس کی روایتی تخلیق کرناٹک کے بیدر شہر سے شروع ہوئی ہے، بعد میں رفتہ رفتہ یہ فن تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بھی پھیل گیا۔ بیدری آرٹ کا نام بیدر گاؤں کے نام پر رکھا گیا ہے، جو اس فن کی جائے پیدائش ہے۔ یہ ایک روایتی دستکاری ہے۔ اس میں زنک، تانبا، چاندی جیسی دھاتوں کا استعمال کرتے ہوئے دستکاری بنائی جاتی ہے۔ یہ ایک بہت ہی پیچیدہ آرٹ فارم ہے۔ دراصل بیدری ایک لوک فن ہے۔ شاہ رشید احمد قادری کو کرناٹک کے شلپ گرو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ وہ پانچ سو سال پرانے بیدری فن کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اپنے فن پاروں کی دنیا بھر میں نمائش کی ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 53 لوگوں میں پدم ایوارڈ تقسیم کئے۔ راشٹرپتی بھون میں منعقد پروگرام میں انہوں نے کئی مشہور شخصیات کو پدم ایوارڈز سے نوازا۔ سماج وادی پارٹی کے بانی آنجہانی ملائم سنگھ یادو کو بعد از مرگ پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ معروف معالج دلیپ مہلانابیس کو بھی بعد از مرگ پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔