میرٹھ: ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ سے تعلق رکھنے والے بہوجن سماج پارٹی کے سابق وزیر یعقوب قریشی اور ان کے دونوں بیٹوں کو الگ الگ جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یعقوب قریشی اور ان کے دونوں بیٹوں کو ریاست کی مختلف جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یعقوب قریشی کو سون بھدر، ان کے بڑے بیٹے عمران کو سدھارتھ نگر اور فیروز عرف بھورا کو بلرام پور جیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ مغربی اتر پردیش کی سیاست میں کافی مداخلت رکھنے والے یعقوب قریشی کے ستارے گردش میں نظر آ رہے ہیں۔ غیر قانونی میٹ پلانٹ چلانے کے کیس میں یعقوب اور ان کے بیٹے عمران پر 50-50 ہزار کا انعام تھا۔ یہ دونوں تقریباً 9 ماہ سے مفرور تھے۔
پولیس کے مطابق حال ہی میں سابق وزیر اور ان کے بیٹے پر 25-25 ہزار روپے کی انعامی رقم بڑھا کر 50-50 ہزار روپے کر دی گئی تھی۔ سابق وزیر یعقوب قریشی اور ان کے بیٹے عمران کو پولیس نے جمعہ کی رات تقریباً 2 بجے دہلی کے چاندنی محل تھانہ علاقے سے گرفتار کیا۔ اب تک جو کچھ سامنے آیا ہے اس کے مطابق یعقوب اور ان کے بیٹا عمران دہلی میں ایک فلیٹ کرائے پر لے کر ساتھ رہ رہے تھے۔ پولیس 9 ماہ سے یعقوب اور ان کے بیٹوں کی تلاش میں تھی۔ جب کہ ایک بیٹے کو پولیس نے نومبر میں گرفتار کیا تھا۔